جموں،8 جولائی :
ضلع کشتواڑ میں جمعہ کے روز تین روزہ روایتی اشٹادش بھوجا ماتا سرتھل دیوی یاترا سرکوٹ کے گوری شنکر مندر میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ شروع ہوئی۔ یاترا کو ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما نے یہاں سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس یاترا میں ضلع کے تمام ضلعی افسران کے علاوہ مذہبی نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔مختلف علاقوں کے مقامی لوگوں نے چھڑی مبارک کا پرتپاک استقبال کیا اور عقیست مندوں کو مشروبات پیش کی۔ کشتواڑ بس اسٹینڈ پر سے عقیدت مند بسوں اور دیگر گاڑیوں میں سوار ہوئے اور تاریخی سرتھل دیوی مندر کے لیے روانہ ہوئے۔
ضلع انتظامیہ نے پولیس کے ساتھ مل کر سرتھل اور کشتواڑ میں عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے تمام ضروری انتظامات کیے تھے۔ شری سرتھل دیوی جی ٹرسٹ کے چیئرمین وکرمادتیہ سنگھ نے اپنے پیغام میں کشتواڑ کے تمام عقیدت مندوں اور لوگوں کو اس پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی اور سب کی امن، خوشحالی اور بھلائی کے لیے دعا کی۔ یہ مندر جموں اور کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے سرتھل میں خطہ پیر پنجال کے سلسلے کے وسط میں واقع ہے۔ عقیدت مندوں کا ماننا تھا کہ سرتھل دیوی ہندو کلدیوی ہے جو کشتواڑ میں رہتی ہے اور اسے انتہائی عقیدت سے مانتی ہے۔