سری نگر،13 جولائی :
رواں سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران اب تک زائد از سوا لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
ماہ رواں کی آٹھ تاریخ کو بالتل کے نزدیک بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آنے سے یہ یاترا دو روز تک معطل رہی تھی۔اس واقعے کے نتیجے میں کم سے کم سولہ یاتریوں کی موت واقع ہوئی تھی۔
شری امرناتھ شرائن بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اب تک زیاد ایک لاکھ اٹھائیس ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹھ جولائی کو بادل پھٹنے کے بعد یاترا معطل ہوئی تھی جس کے بعد اس کو بحال کر دیا گیا اور اب دونوں روٹوں بالتل اور پہلگام سے یہ یاترا جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے بدھ کی صبح 6 ہزار4 سو15 یاتریوں پر مشتمل قافلہ وادی کی طرف روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان میں 2 ہزار4 سو28 یاتری بالتل جبکہ 3 ہزار9 سو87 یاتری پہلگام کی طرف روانہ ہوگئے۔43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔