سرینگر،13جولائی:
پیپلز کانفرنس کے رہنماؤں نے بدھ کے روز 13 جولائی 1931 کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ شہداء کی قربانیوں اور ان کے مشن کو یاد کرتے ہوئے پارٹی نے کشمیریوں کو بااختیار بنانے اور انہیں اپنی تقدیر کا مالک بنانے کے لئے شہداءکی مقدس جدوجہد و مشن کو ایک سمت کی طرف بڑھانے کا عہد کیا ہے۔
پارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے کشمیر کی تاریخ کے ایک روشن باب کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہت کے خلاف کشمیر کے عوام کی طرف سے ایک تحریک شروع کی گئی تھی جس کی قیادت بے لوث قائدین کے ہاتھوں میں تھی اور جنہوں نے اپنی جانوں کی آخری قربانی دے کر اپنی جدوجہد کو امر کر دیا تھا۔ 1931 میں ان کی بہادرانہ جدوجہد و کوششیں ایک نئی تبدیلی اور کشمیریوں کو بااختیار بنانے کے لئے تھی۔ اور اب تبدیلی کے اُس خوابکو شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے پیپلز کانفرنس پُرعزم ہے کیونکہ پارٹی تبدیلی کے اس جذبے سے کافی متاثر ہے ۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ 13 جولائی کے شہداء کی قربانیاں جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے جمہوری حقوق، وقار اور انصاف کے لیے لڑنے کی تحریک دیتی رہیں گی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ 1931 کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کی بے لوث جدوجہد آنے والی نسلوں کو اپنے جائز حقوق اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو بااختیار بنانے کے لئے رہنمائی کرے گی۔
