جموں،16جولائی:
ہمیں ہیلتھ کئیر ایڈمنسٹریٹرز کے ایک مضبوط کیڈر کی ضرورت ہے جس کیلئے ہمیں ہنر مندی کی ترقی ، تربیت ور صلاحیت سازی کے پروگراموں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ چونکہ ہندوستان ایک ترقی پذیر ملک سے ترقی یافتہ ملک بن کر ابھر رہا ہے ۔ یہ ضروری ہے کہ ہمارا صحت کا شعبہ ایک ساتھ ترقی کرے ۔ ان باتوں کا اظہار صحت اور طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ( ایچ اینڈ ایم ای ) منوج کمار دویدی نے آج گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر میں جموں ڈویژن کے میڈیکل افسروں کیلئے پانچ روزہ منیجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔
یہ تربیتی پروگرام اکیڈمی آف ہسپتال ایڈمنسٹریشن جموں چیپٹر نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کے اشتراک سے منعقد کیا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ صحت کے شعبے میں چیلنجز بڑھ رہے ہیں اور طبی عملے کو بھی اپنی تکنیکی اور انتظامی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے تمام حاضرین پر زور دیا کہ وہ تجسس کے ساتھ ٹیکنالوجی کو اپنائیں اور سیکھنے کو اپنے معمول کے کام میں لاگو کریں ۔ منوج کمار دویدی نے عہدیداروں کے ساتھ انتظامی تجاویز کا اشتراک کیا اور ان سے وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کیلئے انوینٹری ، عمل اور آلات کا روٹین آڈٹ کرنے کو کہا ۔ مہمان خصوصی نے ٹائم منیجمنٹ ، سٹاف منیجمنٹ اور سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے تکنیکی مداخلتوں کے استعمال پر بھی زور دیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے مشورہ دیا کہ مریض کی صحت کو بہتر بنانے کا مقصد لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں نہ صرف علاج ۔
پرنسپل سیکرٹری نے کووڈ معاملات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر صحت کے عہدیداروں کو بھی خبر دار کیا ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ چوکس رہیں ، کووڈ سے بہتر طور نمٹنے کیلئے ٹیسٹنگ کو تیز کریں ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سلیم الرحمان نے ڈی ایچ ایس ۔ جے کے نئے اقدامات پر پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی ۔ انہوں نے مہمان خصوصی کو سیو لائف جموں اقدام کے بارے میں بتایا جس کے تحت پورے ڈویژن میں ضلع ، سب ڈویژن اور سی ایچ سی کی سطح پر ایمر جنسی رومز قائم کئے گئے ہیں ۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گورنمنٹ راجیو گاندھی ہاسپٹل گنگیال میں خصوصی کیموتھراپی ، ریڑھ کی ہڈی کی سرجری اور ڈرمیٹولوجی یونٹ فراہم کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر ہیلتھ کئیر منیجمنٹ سے متعلق خود سیکھنے والی کتاب کا اجراء بھی کیا گیا اور میڈیکل آفیسرز میں تقسیم کیا گیا ۔ اس موقع پر موجود افراد میں پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ڈاکٹر ششی سودھن ، ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل اور ڈائریکٹر کوارڈینیشن نیو میڈیکل کالجز ڈاکٹر یشپال شرما ، ڈائریکٹر آیوش ڈاکٹر موہن سنگھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایم سی ایچ جموں ڈاکٹر ارون شرما سمیت دیگر سینئر افسران ، میڈیکل آفیسرز اور صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے عہدیداران شامل تھے ۔