کرونگ کومے,19 جولائی :
اروناچل پردیش کے کرونگ کومے ضلع میں ہندوستان-چین سرحد کے قریب ایک مزدور کی لاش ملی۔ اس کے 18 ساتھی تاحال لاپتہ ہیں۔ سڑک کی تعمیر میں مصروف یہ سبھی 5 جولائی سے پروجیکٹ کی جگہ سے غائب ہیں۔ ان میں سے ایک مزدور کی لاش پیر کو قریبی ندی سے ملی ہے۔
کرونگ کومے ضلع کے ڈپٹی کمشنر بینگیا نگھی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ مزدوروں میں سے ایک کی لاش پیر کو دامن سرکل میں فرک ندی سے ملی۔ پولیس ٹیم اور دامن کے زونل افسران منگل کو جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نگھی نے کہا- ‘زیادہ تر لاپتہ مزدوروں کا تعلق آسام اور مسلم کمیونٹی سے ہے۔ ممکن ہے کہ وہ 5 جولائی کو اپنے علاقے میں عید منانے کے لیے وہاں سے نکلے ہوں۔ ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پروجیکٹ کے ٹھیکیدار سے ملی تھی۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ یہ مزدور دامن سرکل کے علاقے حوری میں سڑک کی تعمیر کے کام میں مصروف تھے۔ دامن سرکل کا علاقہ بھارت چین سرحد سے متصل ہے‘۔
