چٹان ویب ڈیسک
پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اوپنر عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 160 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے ہمراہ ساتویں وکٹ کی شراکت کرنے والے محمد نواز نے 19 رنز بنائے۔
بدھ کو گال ٹیسٹ کے آخری دن پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 120 رنز درکار تھے جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی تھیں۔پہلے سیشن کے کھیل میں پاکستان نے 86 رنز بنائے اور اس کی دو وکٹیں گریں۔
کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان کے حسن علی بھی پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔محمد رضوان 40 رنز بنانے کے بعد جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے آغا سلمان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ منگل کو کپتان بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد سری لنکن بولرز کے حوصلے بلند نظر آئے۔ وہ 55 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر پویلین لوٹے۔
پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے چوتھی اننگز میں 344 رنز کا ہدف ملا تھا۔سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 222 جبکہ دوسری اننگز میں 337 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔