سرینگر،20جولائی:
اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی کے لیڈران اور کارکنوں کو سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے اور عوام رابطہ مہم وسیع کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کو اپنی پارٹی سے کافی اُمیدیں وابستہ ہیں کیونکہ وہ ہمارے شفاف ایجنڈے پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔
سید بخاری سرینگر میں پارٹٰی صدر دفتر پر ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس تقریب میں شمالی کشمیر کے کرناہ سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں کے ایک گروپ اور سکھ برادری سے وابستہ متعدد شخصیات نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
اس ضمن میں موصولہ بیان کے مطابق کرناہ کے جو اشخاص اپنی پارٹی میں شامل ہوئے ، اُن میں کانگریس پارٹی کے بلاک صدر حاجی محمد شاہ، ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر محمود خان، ریٹائرڈ سب انسپکٹر عبدالحمید مغل، حاجی محبوب شاہ، ظہور احمد شاہ، سرپنچ سید طالب حسین شاہ، حاجی رشید، ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر بشیر شاہ اور کئی دیگر افراد شامل تھے۔
اسی طرح سکھ کمونٹٰی سے تعلق رکھنے والی جو شخصیات اپنی پارٹی میں شامل ہوئیں، اُن میں گوردوارہ پربندھک کمیٹی سرینگر کے سابق صدر ماسٹر کلدیپ سنگھ، گوردوارہ پربندھک کمیٹی سرینگر کے سابق نائب صدر سردار موتی سنگھ، گوردوارہ پربندھک کمیٹی سرینگر کے سابق خزانچی گردیپ سنگھ، ہرجیت سنگھ سیوہانی، سریندر سنگھ، مکھن سنگھ، کرن سنگھ، چنا سنگھ، اور کئی دیگر اشخاص شامل تھے۔
اس موقعے پر پارٹی میں شامل ہونے والوں سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’میں تہہ دل سے پارٹی میں آپ کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی شمولیت سے پارٹی کو مزید تقویت ملے گی۔ ہر بار جب نئے لوگ اپنی پارٹی میں شامل ہوجاتے ہیں تو ہمارے حوصلے مزید بلند ہوجاتے ہیں کیونکہ نئے نئے لوگوں کا پارٹی سے جڑ جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ ہمارے شفاف ایجنڈے کو پسند کرتے ہیں۔ ہمارا ایجنڈا جموں کشمیر میں قیام امن، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنا ہے۔‘‘
سید الطاف بخاری نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو یقین دلایا کہ عوام کی خدمت کرنے کے حوالے سے ان کے کام کو پارٹی کی لیڈر شپ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ انہوں نےکہا، ’’آپ کو چاہیے کہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت میں جھٹ جائیں۔ پارٹی کی لیڈرشپ اس کام میں آپ کے شانہ بشانہ ہوگی۔‘‘
اس موقعے پر پارٹٰی کے ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر کپوراہ راجہ منظور، ضلع کارڈی نیٹر تنبیر سنگھ، پارٹٰی کی ایس ٹی ونگ کے جنرل سیکرٹری خالد بڑھانا، پارٹی لیڈر مشتاق ظہامی، اور نوجوان لیڈر عرفان زرگر بھی موجود تھے۔
