سری نگر،21 جولائی:
سری نگر کے خانیار علاقے میں جمعرات کی صبح آگ کی ایک واردات میں ایک دارلعلوم اور دو رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ جائے واردات کے متصل واقع ایک میریج ہال اور دو مکانوں کو بھی معمولی نوعیت کا نقصان ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ خانیار کے لون محلے میں جمعرات کی صبح آگ نمودار ہوئی جس سے ایک دارلعلوم اور دو رہاشئی مکانوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ جائے واردات کے متصل واقع ایک میریج ہال اور دو مکانوں کو بھی معمولی نوعیت کا نقصان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ فائر ٹنڈرس کی بر وقت کارروائیوں، مقامی لوگوں اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔آگ کی اس واردات میں بلال احمد، منیر احمد، محمد یعقوب لون اور مشتاق احمد لون کے مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔
