میڈرڈ، 22 جولائی :
اسپین میں گزشتہ 10 دنوں میں گرمی کی دوسری لہر میں 1047 شہری ہلاک ہوگئے۔ یہ اطلاع جمعرات کو وزارت صحت نے دی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ملک کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔ یہ اموات 10 سے 19 جولائی کے درمیان ہوئیں۔
گرمی کی لہر نے بنیادی طور پر بزرگوں کو متاثر کیا ہے۔ متاثرین میں سے 672 کی عمر 85 یا اس سے زیادہ تھی۔ 241 کی عمریں 75 اور 84 کے درمیان تھیں۔ جبکہ 88 کی عمر 65 سے 74 کے درمیان تھیں۔ ہسپانوی موسمیاتی ایجنسی (اے ای ایم ای ٹی) کے ترجمان بی ہیرویلا نے کہا کہ سانس اور قلبی امراض میں مبتلا افراد میں اموات کی شرح زیادہ ہے۔ اسپین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اس سال اسپین میں پہلی ہیٹ ویو 11 جون سے 17 جون تک تھی۔ اس دوران 829 افراد ہلاک ہوئے۔
