سرینگر، 25 جولائی:
جموں و کشمیر میں ابر آلود موسم کی وجہ سے پیر کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ جموں و کشمیر ڈویژ ن میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے ابر آلود آسمان کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف جموں شہر میں پیر کی صبح سات بجے سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ اگرچہ وقتاً فوقتاً موسم صاف دکھائی دیتا ہے لیکن کچھ ہی دیر میں بادل ایک بار پھر چھا جاتے ہیں اور بارش شروع ہو جاتی ہے۔ یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں آج صبح سے ہی اکثر مقامات پر بارش ہو رہی ہے۔ بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم سرد ہوگیا اور ہوا میں نمی بھی کم ہوگئی۔
دریں اثنا، سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں 16.8 ڈگری سیلسیس اور گلمرگ میں 13 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 25.1 ڈگری، کٹرہ 23.2، بٹوٹ 19.2، بانہال 19.8 اور بھدرواہ میں 20.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ میں کم سے کم درجہ حرارت دراس میں 12.8 ڈگری سیلسیس، لیہہ میں 13.4 ڈگری اور کارگل میں 15 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔