سرینگر،26جولائی:
ضلع کپوارہ شمالی کشمیر میںنیشنل کانفرنس کے قلعے کی حیثیت رکھتا آیا ہے اور پارٹی میں اس ضلع کے اہمیت اور افادیت کو قائم و دائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع کپوارہ سے آئے ہوئے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، رکن پارلیمان برائے شمالی کشمیر محمد اکبر لون، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق اور پولیٹکل سکریٹری مدثر شاہ میری بھی موجود تھے جبکہ وفد کی قیادت نائب صدر ضلع کپوارہ حاجی محمد رمضان کررہے ہیں، وفد میں 5بلاک صدور صاحبان اور 2ڈی ڈی سی ممبران بھی شامل تھے۔
وفد نے پارٹی نائب صدر کو ضلع کپوارہ میں پارٹی سرگرمیوں، تنظیمی اموارات اور لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ عمر عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ افراد سے کہا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ لوگ اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں اور کشمیری قوم کو ہر سطح پر مظلوم اور محکموم بنا دیا گیا ہے اور عوام کی کہیں پر بھی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ ایسے میں ہم پر اور زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم لوگوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ رہیں اور ان کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں تاکہ ان کا ازالہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ تمام لیڈران اور عہدیداران ہر وقت عوامی مسائل و مشکلات اور مطالبات کو اُجاگر کرنے میں مصروف رہتے ہیں لیکن زمینی سطح پر بھی اس کام میں سرعت آنی چاہئے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ضلع کپوارہ نیشنل کانفرنس کا قلعہ رہا ہے اور اس ضلع سے وابستہ پارٹی لیڈران نے زرعی اصلاحات، مفت تعلیم، مفت طبی سہولیات اور تعمیر و ترقی میں کلیدی رول ادا کیا ہے اور قلع کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا ضلع سے وابستہ لیڈران ، عہدیداران خصوصاً ورکروں کی ذمہ داری بنتی ہے اور انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں اس نشست پر کامیابی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے پارٹی لیڈران کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی ورکروں کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں اور گھر گھر جاکر نیشنل کانفرنس کے ایجنڈا، جموںوکشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے جاری نیشنل کانفرنس کی قانونی اور جمہوری جدوجہد اور دیگر امورات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔
اس موقعے پر ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے بھی تاریخ کے اوراق گردانتے ہوئے نیشنل کانفرنس کی تاریخ اور ضلع کپوارہ کی تاریخی حیثیت بیان کی اور پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیلئے کام کریں کیونکہ یہی واحد ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو جموں وکشمیر کو موجودہ دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سے قبل پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، خواتین صدر شمیمہ فردوس، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، محمد سعید آخون، ترجمان عمران نبی ڈار، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، سلمان علی ساگر،سینئر لیڈران پیر آفاق احمد،غلام محی الدین میر، صبیہ قادری،سید توقیر احمد کے علاوہ گاندرنل اور چاڈورہ کے عوامی وفود بھی ملاقی ہوئے۔