سرینگر، 27 جولائی :
شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع کے نتنوسہ کے اواتکول میں بدھ صبح کپواہ سرینگر شاہراہ پر دو گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے سے کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبر جے کے 09 اے 2951 اور ”ایسپریسو” کار زیر رجسٹریشن نمبر جے کے 09 اے 6170 آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت مشتاق احمد آہنگر (40) ولد عبدالعزیز آہنگر اس کی اہلیہ سلیمہ بیگم اور بیٹی مدیحہ جان ساکن ہیری کپواہ اور نواز احمد شاہ ولد غلام حسن شاہ اور فیروز احمد ساکن ٹنگڈار کے بطور ہوئی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ایک سلیمہ بیگم کو مزید علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر ریفر کیا گیا۔ واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔