سرینگر، 02 اگست :
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے منگل کو امرناتھ یاترا کا سفر شروع کرنے کا ارادہ رکھنے والے یاتریوں پر زور دیا کہ وہ 5 اگست سے پہلے شیو لگنم کے درشن کریں، محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ خراب موسمی ایڈوائزری کے پیش نظر یاتریوں سے یہ اپیل کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایل جی نے سرینگر کے لال چوک میں واقع اکھاڑہ عمارت میں چھڈی مبارک پوجا میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات نے گھپا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مزید خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی غیر معمولی ایڈوائزری کو دیکھتے ہوئے، میں بھگوان شیو کے تمام خواہش مند یاتریوں سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ وہ 5 اگست سے پہلے امرناتھ کے درشن کامنصوبہ بنائیں۔ اس کے بعد موسم مزید خراب ہو سکتا ہے۔ جیسا کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے انہوں نے کہا کہ اب تک ملک بھر سے تین لاکھ یاتری بھگوان شیو کے شیو لنگم کے درشن کر چکے ہیں۔ ایل جی نے کہا کہ ’ یاتری 11 اگست تک جاسکتے ہیں لیکن موسم کی ایڈوائزری کے پیش نظر، میں تمام خواہش مند یاتریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ 5 اگست سے پہلے درشن کے لیے آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے گھپا کے اطراف میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی لہر کی وجہ سے شیو لگنم بھی اپنی اصل حالت میں نہیں ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سال شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاتریوں کی ریکارڈ تعداد کی توقع کی تھی، تاہم ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔جبکہ دوسری جانب اس علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد جس سے 15 یاتری ہلاک اور 35 لاپتہ ہو گئے، اس کی وجہ سے یاتریوں کی تعداد آہستہ آہستہ کم ہونے لگی۔ اگرچہ تمام 15 مرنے والوں کی لاشیں نکال لی گئیں اور لاپتہ ہونے والوں کا سراغ مل گیا،لیکن پھر بھی یاتریوں کی رفتار ختم ہونے لگی۔ شرائن بورڈ کے ایک اہلکار نے مزید کہا کہ 11 اگست تک، زیادہ سے زیادہ 50,000 یاتریوں کے درشن کرنے کی توقع ہے وہ بھی اگر موسم سازگار رہا۔
