جموں ،4 اگست :
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں سیکورٹی فورسسز نے ایک جنگلاتی علاقے میں مشکوک نقل و حرکت نظر آنے کی اطلاع پر مشترکہ تلاشی آپریشن کیا۔ پونچھ ضلع میں گزشتہ 29 جولائی سے بُدھا امرناتھ یاترا جاری ہے۔ یاترا کی سیکورٹی کے پیش نظر بی جی سے پونچھ تک قومی شاہراہ اور پونچھ سے منڈی جانے والی سڑک پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں لیکن سیکورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان پولیس اہلکار دو مشتبہ افراد کے نظر آنے کی اطلاع پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایس او جی پونچھ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور فوج کے جوانوں نے پونچھ ضلع کے جنگلاتی علاقوں میں مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔اور جنگلاتی علاقوں کی تلاشی لی اور جنگل سے ملحقہ رہائشی علاقوں کا بھی معائنہ کیا۔ اور مقامی دیہاتیوں سے مشکوک نقل و حرکت کے بارے میں دریافت کیا۔
مشترکہ سیکورٹی فورسسز نے وسیع پیمانے پر جنگلاتی علاقوں کی باریک بینی سے تلاشی لی۔اور لوگوں سے علاقوں میں کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھ کر فوری طور پر فوج اور پولیس کو اطلاع دینے کو کہا گیا۔تلاشی آپریشن بدھ کے روز دیر رات ختم ہوا ۔
