نئی دہلی،05 اگست:
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز کہا کہ مودی حکومت عوامی مسائل کو اٹھانے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران راہل نے کہا کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری، جی ایس ٹی کے مسئلہ پر اپوزیشن کو بولنے نہیں دے رہی ہے۔
راہل نے کہا کہ پارلیمنٹ سے سڑک تک ہر جگہ کانگریس کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس طرح موجودہ مرکزی حکومت جمہوریت کو قتل کرنے میں مصروف ہے۔راہل نے کہا کہ جب کانگریس کی حکومت تھی، آئینی ادارے غیر جانبدار تھے۔ ہم انہیں کنٹرول نہیں کرتے تھے ۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کا ہر ادارہ اپنی آزادی اور غیر جانبداری کھو چکا ہے۔ آج ملک کا ہر ادارہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے کنٹرول میں ہے۔ ہم صرف ایک سیاسی پارٹی سے نہیں لڑ رہے ہیں، ہم اس انفراسٹرکچر کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
راہل نے کہا کہ حکمراں پارٹی ملک کے میڈیا کو کنٹرول کر رہی ہے۔ ہم نے مل کر جمہوریت کو ختم ہونے سے بچانا ہے۔ اس مہم میں سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم مودی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ مرکزی حکومت جو بھی کرنا چاہے، کر لے، وہ ملک کی حفاظت، جمہوریت کی حفاظت، اور ملک میں بھائی چارہ برقرار رکھنے کا کام کر تے رہیںگے۔
کانگریس پارٹی کی جانب سے آج ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کو لے کر احتجاج جاری ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ وہ پہلے سے طے اپنے اس احتجاجی مظاہرے کو حکومتی مشینری کے دباو میں تبدیل کرنے والی نہیں ہے۔ اس مظاہرے کے پیش نظر وزیر اعظم کی رہائش گاہ اور کانگریس کے دفتر کے باہر بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز تعینات ہیں۔
