سرینگر،09اگست:
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کی جانب سے قدیم اور تاریخی علمگری بازار چوک زیڈی بل میں عزاداروں اور محبِ اہلبیت کیلئے ریفرشمنٹ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی پارٹی کارکنانوں کیساتھ کیمپ میں شرکت کی اور عزاداروں کی ایک بڑی جمعیت میں مشروبات اور دیگر خورد و نوش کی اشیاء بذات خود تقسیم کئے۔
اس موقعے پر پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق اور پارٹی سے وابستہ دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی موجو دتھے۔ عمر عبداللہ نے پارٹی کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کی طرف سے عزاداروں کو راحت پہنچانے کے اقدامات کی سراہنا کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا اور تلقین کی کہ ایسے مواقع پر ہمیشہ لوگوں کی راحت رسانی کیلئے دستیاب رہنا چاہئے ،سیدنا حضرت امام عالی مقامیؓ کی تعلیم بھی ہمیں یہی درس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت حسینؐ خون میں دوڑنے والی ایک غیرت ،جذبہ اور ایک ادارہ ہے۔ حسینؓ روشنی کا ایسا مینار ہے جو تاقیامت ناانصافی اور باطل نظام کے اندھیروں کیخلاف مسلمانوں کو آواز اُٹھانے اور جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حق و باطل کی جنگ ہمیشہ جاری رہی ہے اور آج بھی جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گی اور شہادتِ حسینؓ ہمیشہ حق کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ حضرت امام عالی مقامؓ کی شہادت نے روزہ عاشورہ کو مرتبہ بخشا اور اُن کی پاک قربانی تا قیامت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے کیمپ کا اہتما م میں اپنا تعاون پیش کرنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ اداکیا۔