سرینگر10اگست:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے لوگوں سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے یوم آزادی کے موقع پر ترنگا لہرانے کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے 13 اور 14 اگست کو ترنگا لہرانے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک مہم شروع کی ہے کہ تمام بچے، طلباء اور ملک کے شہری "آزادی کا امرت مہوتسو” کے 75 سال کا جشن منانے کے لیے ترنگا لہرائیں۔
ایل جی نے جموں و کشمیر کے تمام لوگوں سے اپیل کی اور کہا کہ وہ اس پروگرام کو وفاداری اور کارکردگی کے ساتھ کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ہر گھر اور ہر تعلیمی ادارے میں ہمارے ملک کا فخر ’’ترنگا‘‘ لہرانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں 75سال کے سفر اور اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو اس موقع پر یاد کیا جانا چاہئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں ان بچوں اور نوجوانوں سے گزارش کرتا ہوں جنہوں نے 25سال بعد ہندوستان کو آگے لے جانا ہے کہ آج ہمیں جموں و کشمیر اور ہندوستان کی ترقی کا ریزولیوشن لینا چاہئے۔پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے۔ نوجوانوں کو یہ عزم لینا ہوگا کہ 25سال بعد انہیں ملک کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
