جموں،11 اگست:
جموں و کشمیر میں مسلسل بارش نے ایک بار پھر معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے جاری بارش کے بعد رامبن اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہے۔ تاہم کشمیر کو جموں سے ملانے والی مغل روڈ اور سری نگر-لیہہ روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت آسانی سے جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں دوپہر تک اسی طرح کی بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ضروری نہ ہو تو پہاڑی علاقوں میں نہ جائیں۔ محکمہ ٹریفک کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت کو رات کے وقت بارش کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ رامبن اور بانہال کے درمیان کئی علاقوں میں صبح کے وقت ملبہ سڑکوں پر آگیا، جب کہ دو تین جگہوں پر پہاڑوں سے پتھر گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
شاہراہ پر تین ہزار سے زائد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ گاڑی چلانے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔ شاہراہ بند ہوتے ہی جموں اور ادھم پور ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کو بھی اطلاع دی گئی جس کے بعد سری نگر جانے والی گاڑیوں کو کٹھوعہ کے لکھن پور، جموں کے نگروٹہ اور ادھم پور کے جکھینی میں روک دیا گیا۔ ٹرک ڈرائیوروں کو ہائی وے کھلنے تک وہیں رہنے کو کہا گیا ہے۔