سرینگر،11اگست:
غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کے بیچ43روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2022بغیرکسی ناخوشگوار واقعے کے پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی ،تاہم اس دوران8جولائی کوگھپا کے نزدیکی پہاڑپر بادل پھٹنے کے بعد یہاں آئے سیلاب کی وجہ سے15یاتریوں کی موت واقعہ ہوئی اور55دیگرزخمی ہوگئے جبکہ بیماریوں اوردل کادورہ پڑنے نیز دیگرواقعات میں30یاتری اور2مقامی مرکبان ازجان ہوئے ۔30جون سے11اگست تک جاری رہنے والی یاترا میں تقریباً3لاکھ سے زیادہ یاتریوںنے شرکت کی جبکہ حکام کوامسال6سے8لاکھ یاتریوں کی آمد کی توقع تھی ۔اس دوران یاترا کے آخری دن سطح سمندرسے3880میٹر کی بلندی پرواقع امرناتھ گھپا کے مندرمیں آخری پوچا کی گئی ،جس میں سادھوؤں اوریاتریوںنے شرکت کی ۔
اطلاعات کے مطابق بہتر اورابتر موسمی صورتحال کے بیچ 43روزتک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا2022جمعرات کوامرناتھ گھپا کے مندرمیں رکشابندھن کے موقع پرہونے والی پوجاپاٹ کیساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔اس پوجامیں سادھوؤں اوریاتریوں کے علاوہ سیول انتظامیہ کے کچھ افسران اورسیکورٹی فورسزکے افسروں وجوانوںنے بھی حصہ لیا۔اس موقعہ پریہاں جموں وکشمیر میں امن وامان اورترقی وخوشحالی کیلئے بھی دعاکی گئی ۔
حکام نے بتایاکہ امسال30جون سے11،اگست تک جاری رہنے والی امرناتھ یاترامیں توقع سے کم یاتری شریک ہوئے ،جسکی ایک وجہ خراب موسمی صورتحال اور8جولائی کوآنے والا ہلاکت خیز سیلاب بھی تھا۔انہوںنے بتایاکہ ہم امسال چھ سے آٹھ لاکھ یاتریوںکے آنے کی توقع کررہے تھے لیکن اسے کم یاتری آئے ،تاہم حکام نے اسبات پراطمینان کااظہار کیاکہ 43روزکے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ،اوریاترا پُرامن طورپر اختتام کوپہنچی ۔حکام کا کہناتھاکہ یاترا کے43دن پولیس ،سیکورٹی فورسز اورسیول انتظامیہ کیلئے بھی کافی تھکا دینے والے رہے ،تاہم سبھی اداروں اورایجنسیوں کے باہمی تال میل سے امسال یاترا احسن طریقے سے ہوئی ۔
انہوںنے بتایاکہ امسال کل3لاکھ3ہزار 502یاتریوںنے امرناتھ گھپا میں شیولنگم کادرشن کیا ،جن میں سے32ہزار892یاتریوںکوہیلی کاپٹروں کی5902پروازوںمیں بال تل سے گھپا تک پہنچایا گیا۔حکام نے مزید بتایاکہ امسال یاترا کے دوران کل47اموات ہوئیں جبکہ 92یاتری زخمی ہوئے ۔حکام نے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ8جولائی کوبادل پھٹنے کے نتیجے میں آئے سیلاب کی زدمیں آکر15یاتری فوت ہوئے اور55دیگرزخمی ہوئے جبکہ یاتراکے دوران2مقامی مرکبان حادثات میں ازجان ہوئے اورمزید30یاتری بیماریوں اوردل کادورہ پڑنے سے فوت ہوئے ۔
انہوںنے بتایاکہ اسکے علاوہ 14 جولائی کو سری نگر جموں قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ کے مقام پر ایک سڑک حادثے میں5 خواتین سمیت 37 امرناتھ یاتری زخمی ہو گئے۔خیال رہے ممکنہ ملی ٹنٹ حملوں کے پیش نظرا مسال یاتریوںکی حفاظت کیلئے غیرمعمولی سیکورٹی انتظام کئے گئے تھے ،جس کے تحت بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے آنے والے یاتریوں کے قافلوں کیساتھ فورسز کے دستے بھی رہتے تھے ،سری نگرجموں قومی شاہراہ پر فوج ،فورسزاورپولیس کے دستے تعینات رہتے تھے اورساتھ ہی امرناتھ گپا کی طرف جانے والے تمام راستوں کو فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے دستے اہم مقامات پر خیمہ زن رہے۔
