اننت ناگ،12اگست:
جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں جمعے کے روز مشتبہ عسکریت پسندوں نے سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوگئے۔ انہیں علاج و معالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے بجبہاڑہ کے درا شکوہ پارک میں پولیس اہلکار (ایس پی او) غلام قادر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ایس پی او کو علاج و معالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اُس کی حالت تشویشناک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے آس پاس کے علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سکیورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔