نئی دہلی، 13 اگست:
کانگریس صدر سونیا گاندھی ایک بار پھر کورونا سے متائثر ہو گئی ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ہفتہ کو ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔
رمیش نے کہا کہ آج کانگریس صدر سونیا گاندھی کی کووڈ-19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ وہ حکومت کے جاری کردہ پروٹوکول کے بعد تنہائی میں رہیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جون میں بھی سونیا گاندھی کورونا سے متاثر ہوئی تھیں۔ اس وقت انہیں دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بدھ کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی کورونا کی لپیٹ میں آگئی تھیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی حال ہی میں خرابی صحت کی وجہ سے اپنا راجستھان دورہ ملتوی کر دیا تھا۔
دہلی میں ان دنوں کورونا انفیکشن کے معاملے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ جمعہ کو دارالحکومت میں کورونا کے 2,136 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اگرچہ 2,623 افراد مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس دوران 10 افراد کی موت بھی ہوئی۔ اس وقت دارالحکومت میں کورونا کے 8,343 ایکٹیو کیسز ہیں، جن میں سے 531 لوگ دہلی کے اسپتالوں میں داخل ہیں۔
