سری نگر،13اگست:
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے شالہ ٹینگ علاقے میں ہفتے کی سہ پہر کو سکوٹی کو روکنے کے دوران دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو شالہ ٹینگ سری نگر میں جموں وکشمیر پولیس کے اہلکاروں نے ناکہ لگایا جس دوران ایک سکوٹی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرائیور سکوٹی پر کنٹرول نہ رکھ سکا جس دوران وہ ناکہ چیکنگ پر مامور دو پولیس اہلکاروں کے ساتھ جا ٹکرایا جس وجہ سے دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی پولیس اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل اشفاق احمد اور کانسٹیبل غلام مرتضیٰ کے بطور ہوئی ۔ذرائع کے مطابق کانسٹیبل غلام مرتضیٰ کو تشویشناک حالت میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔