سری نگر ،16اگست:
شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ٹارگیٹ کلنگ کے بعد جنوبی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چھوٹی پورہ شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے بعد پہاڑی ضلع سمیت جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں سیکورٹی فورس کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث افراد کو تلاش کرنے کی خاطر شوپیاں کے کئی علاقوں کا محاصرہ کیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرگرم عسکریت پسندوں اور اُن کے معاونین کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جا رہا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے بعد پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس دوران جنوبی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس سربراہ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اُن کے سبھی منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں ناکوں کا جال بچھانے اور حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گر چہ جنوبی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ مضبوط ہے تاہم اس کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات پرو روک لگائی جا سکے۔ (یو پی آئی)
