نئی دہلی، 19 اگست:
سی بی آئی نے جمعہ کی صبح دہلی کے نائب وزیراعلیٰ اور وزیر صحت منیش سسودیا کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ سی بی آئی کی ٹیم نے ان کے تقریباً 20 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ چھاپے دہلی میں مبینہ ایکسائز گھوٹالے کے الزامات کے تناظر میں مارے گئے ہیں۔
منیش سسودیا نے اس بارے میں کئی ٹویٹس کیے ہیں۔ سسودیو نے ٹویٹ کیا کہ ہم لاکھوں بچوں کا مستقبل بنا رہے ہیں۔ یہ بہت افسوسناک ہے کہ ہمارے ملک میں اچھے کام کرنے والوں کو اس طرح ہراساں کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا ملک ابھی تک نمبر ون نہیں بن سکا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم جانچ میں مکمل تعاون کریں گے، تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔ سسودیا نے کہا ہے کہ اب تک میرے خلاف کئی کیس ہوئے لیکن کچھ نہیں نکلا اور اس سے بھی کچھ نہیں نکلے گا۔ ہم سی بی آئی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ جانچ میں مکمل تعاون کریں گے تاکہ جلد حقیقت سامنے آسکے۔
سی بی آئی کی اس کارروائی پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ یہ لوگ دہلی کے ترقیاتی کام کو روکنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے چھاپہ مارا جا رہا ہے۔ ہم دہلی کے اچھے کام کو رکنے نہیں دیں گے۔