نئی دہلی، 22 اگست :
دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انہیں اپنی پارٹی میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔
پیر کو سسودیا نے ٹویٹ کیا کہ انہیں بی جے پی سے پیغام ملا ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو توڑ کر بی جے پی میں شامل ہو جائیں۔ سسودیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو ان کے خلاف جاری مرکزی تفتیشی ایجنسی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحقیقات بند کر دی جائیں گی۔
سسودیا نے کہا کہ وہ کسی بھی حالت میں بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گے۔ وہ مہارانا پرتاپ کی نسل سے ہیں ، سر کٹا لیں گے لیکن بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں سی بی آئی نے شراب گھوٹالہ کے سلسلے میں سسودیا کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ جس کے بعد اے اے پی لیڈروں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کیجریوال کے ترقیاتی ماڈل میں خلل ڈالنا چاہتی ہے۔ سسودیا نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی حکومت دہلی کی تعلیم اور صحت کے نظام میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ اسی لیے آپ لیڈروں کو ای ڈی اور سی بی آئی سے ڈرایا جا رہا ہے۔
