سرینگر، 22 اگست :
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے پیر کو کہا کہ اگر جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق پر سمجھوتہ کیا گیا تو وہ دہلی میں پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔اطلاعات کے مطابق پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ہم ایک پارٹی کے طور پر حکومت کی طرف سے دی گئی وضاحت کو مکمل طور پر قبول نہیں کرتے اور نہ ہی اسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ موجودہ انتظامیہ یہاں یا دہلی میں جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کو زیادہ عزت نہیں دیتی۔
سجادلون کامزید کہنا تھا کہ ووٹر لسٹ میں غیر مقامی افراد کو شامل کرنے کا فیصلہ قانون کا حصہ نہیں ہے۔ پیپلز کانفرنس کے چیئرمین نے کہاکہ پہلے ہمارا اپنا آئین تھا اور ہماری مقننہ نے ایک قانون بنایا تھا جس میں ہر چیز کی وضاحت کی گئی تھی۔ تاہم یہ قانون ہمارے لئے خطرہ نہیں ہے بلکہ ہم قانون پر عمل درآمد کرنے والوں سے خوفزدہ ہیں۔
سجادلون نے کہاکہ اگر ہمیں لگتا ہے کہ آبادیاتی مداخلت ہے یا جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق سے سمجھوتہ کیا گیا ہے، تو ہم دہلی میں پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔