سرینگر، 22 اگست:
پولیس نے پیر کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے میرگنڈ کے ساتھ ساتھ پلہالن علاقے میں بھی چوری کی دو وارداتوں کو حل کرنے اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ کیس درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی۔ یہ کیس زیر نمبر 240/2022 زیر دفعہ 457، 380 آئی پی سی تھانہ پٹن میں درج کیا گیا تھا۔ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ بھٹ کالونی میرگنڈ پٹن میں پیش آیا جس میں چور گھر کا سامان اڑا لے گئے۔ انسپکٹر ارشاد احمد، آئی سی پی پی میرگنڈ کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم نے جی توڑ کوششوں کے بعد تین چوروں کو گرفتار کیا جن میں اعجاز احمد ملہ، سید عبید شاہ ولد سید مصطفی شاہ اور ظفر حسین وانی ولد نثار احمد وانی شامل ہیں۔ یہ تینوں یخمان پورہ پٹن، ضلع بارہمولہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ان کے انکشاف پر ان کے قبضے سے تانبے کے برتن، جوتے، سونے کی انگوٹھی اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
اسی طرح پولیس چوکی پلہالن نے چوری کے ایک کیس کی تفتیش کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی تھی۔ یہ واقعہ سدربل پلہالن، پٹن میں پیش آیا جس میں چور گھر کا سامان چوری کر کے لے گئے تھے۔ ایس آئی اطہر پرویز، آئی سی پی پی پلہالن کی بھرپور کوششوں کے بعد چور کو گرفتار کیا گیا۔ چور کی شناخت عمر احمد کھانڈے ولد غلام محمد کھانڈے ساکن کھنڈے محلہ پٹن کے بطور کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل پوچھ گچھ پر ملزم نے تانبے کے برتنوں اور پانی کے پمپس کی نشاندہی کی۔ دریں اثنا، میرگنڈ اور پلہالن کے عام لوگوں نے پولیس کی کوششوں اور کارروائی کو سراہا ہے۔