سری نگر/22؍اگست:
ممبرضلع ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی ) پونچھ ریاض بشیر ناز نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔
ڈی ڈی سی ممبر نے لیفٹیننٹ گورنر کو ضلع پونچھ کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا جن میں طبی سہولیات میں اِضافہ ، سڑک اور پینے کے پانی کی سہولیات ، ٹراما ہسپتال کے قیام اور لوران ٹنگمرگ سڑک سے پونچھ اور وادی کشمیر کے درمیان رابطے سے متعلق مسائل شامل تھے۔
اِس دوران نوجوانوں میں کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے والی ایک این جی او آرائزنگ کشمیر کی چیئرپرسن محترمہ سیّد ریحانہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی اور انہیں کمیونٹی کے فائدے کے لئے این جی او سے چلائے جانے والے مختلف پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔
اِسی طرح بی جے پی کی وائس پریذیڈنٹ مائنارٹی جموںوکشمیر محترمہ منیراتانترے نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور کوکر ناگ کے لوگوں کی جانب سے وہاںمیڈیسنل اور مشروم کی شجرکاری کو فروغ دینے سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ڈی ڈی سی ممبر محترمہ سیّد ریحانہ اور محترمہ منیرا تانترے کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو متعلقین کے ساتھ اُٹھاکر ان کا مناسب ازالہ کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود کے لئے اَپنی کوششیں جاری رکھیں۔
