بانڈی پورہ،25اگست:
پولیس اورفوج نے مشترکہ کارروائی کے تحت جمعرات کو بانڈی پورہ ضلع میں لشکر ملی ٹنٹوںکے 2ساتھیوں کو گرفتار کیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کو پولیس اسٹیشن پیٹھ کوٹ کی حدودمیں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ملی ٹنٹوں کے کچھ ساتھیوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص اطلاع ملی۔
ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ پولیس نے 26 آسام رائفلز کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ ناکے کے دوران لشکر ملی ٹنٹوں کے2 ساتھیوں کو لال قلعہ موڈ پیٹھ کوٹ سے گرفتار کیا۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملزمان ایک سفید اسکارپیو زیرنمبرJK05H-0622میں سفر کر رہے تھے ۔
پولیس ترجمان نے کہاکہ گاڑی کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولی بارودبرآمدکیا گیا جس میں3 پستول بمعہ میگزین ،24 لائیو9 ایم ایم راونڈز، 5ہتھ گولے، ایک کمبل، جعلی پولیس آئی کارڈ، محکمہ صحت کا جعلی شناختی کارڈ اور دیگر روزانہ استعمال کی اشیاءاُن کے قبضے سے برآمد ہوئیں۔ترجمان نے کہاکہ ملی ٹنٹوں کے دونوں ساتھیوں محمد یوسف وانی ساکنہ پٹھ کوٹ بانڈی پورہ اور منظور احمد شاہ ساکنہ باغ بانڈی پورہ کوگرفتار کیاگیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ لشکر طیبہ کے کچھ سرگرم دہشت گردوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور ان دونوں کو دہشت گردوں کو لاجسٹک سپورٹ دینے کے علاوہ، نوجوانوں کو ملی ٹنسی میں شامل ہونے اور ملی ٹنسی کو بحال کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹنٹوں کے ان ساتھیوں کی بروقت گرفتاری نے ضلع میں دہشت گردی کی ایک بڑی سرگرمی کو روک دیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ سیکشنز کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
