چٹان ویب ڈیسک
کرکٹ کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں ٹاس کی اہمیت عام میچز کی نسبت مزید بڑھ جاتی ہے۔سنیچر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے میچز کے ٹاس پر ابھی سے تجزیہ کاروں نے تبصرے شروع کر دیے ہیں۔ اتوار کو ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹاس کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔سنہ 2021 میں امارات میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹاس جیت کر میچ جیتنا معمول کی بات بن گئی تھی۔
اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے 29 میچز دوسری باری کرنے والی ٹیم نے جیتے تھے۔اگر پاکستان اور انڈیا کے ایشیا کپ میں ہونے والے میچز کے ریکارڈز کی بات کی جائے تو 2008، 2010، 2012، 2014، 2016 اور 2018 کے تمام میچز دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیم نے جیتے تھے۔
امارات کے میدانوں میں ٹاس جیت کر بولنگ کرنا کیوں اہم؟
یو اے ای میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا اس وجہ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ یہاں کی کنڈیشنز میں رات کو اوس پڑتی ہے جس کے باعث بولرز کو گیند پر گرفت کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب پاکستان اور انڈیا دونوں اس ایونٹ میں اپنے اہم بولرز شاہین شاہ آفریدی اور جسپریت بمراہ سے محروم ہیں جس کے باعث دیگر بولرز پر پرفارم کرنے کا دباؤ زیادہ ہے۔ لہذا دونوں ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا چاہیں گی تاکہ دوسری اننگز میں بولرز پر دباؤ کم رہے اور ہدف آسانی سے حاسل کیا جا سکے۔
دبئی میں دوسری اننگز کا ریکارڈ
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں اب تک کُل 74 ٹی 20 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں 39 میچز پہلے بولنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے ہیں۔حیرت انگیز طور پر 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں دبئی میں کھیلے گئے 16 میں سے 15 میچ دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیموں نے جیتے تھے۔
سنہ 2018 کے ایشیا کپ کے دبئی میں کھیلے گئے 8 میں سے 5 میچز میں دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیم کامیاب رہی تھی۔ان تمام ریکارڈز کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اس بار بھی ایشیا کپ میں شریک ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا پسند کریں گی۔