جموں/28؍اگست:
مرکزی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات اور ماہی پالن ڈاکٹر ایل مروگن نے آج جموں میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے میڈیا یونٹوں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
ڈاکٹر ایل مروگن نے ریڈیو کو دیہی آبادی تک پہنچنے کا بہتر ین ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی میڈیا پبلسٹی کے ساتھ ساتھ آل اِنڈیا ریڈیو اور دُور درشن کو بھی آمدنی پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیئے۔
دورانِ میٹنگ مرکزی وزیر مملکت نے جموں میں وزارتِ آئی اینڈ بی کے تمام میڈیا یونٹوں کو مزید ہدایت دی کہ وہ کھادی کے استعمال کو فروغ دیں اور سنگل یوز پلاسٹک کے اِستعمال کی حوصلہ شکنی کریں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ریجن شری راجندر چودھری نے پریس اِنفارمیشن بیورو جموںوکشمیر اور سینٹرل بیورو آف کمیونکیشن جموںوکشمیر ، لداخ کے ساتھ ساتھ اِس کی فیلڈ یونٹوں کی میڈیا سرگرمیوں اور مہمات کے بارے میں تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی۔
دورانِ ملاقات مرکزی وزیر مملکت نے وزیر اعظم نریندر مودی کا پروگرام ’من کی بات ‘ سنی اور تمام میڈیا یونٹوں کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا ہینڈ لز اور دستیاب دیگر اہم ذرائع سے اِس پروگرام کو مزید فروغ دیں۔
میٹنگ میں مختلف میڈیا یونٹوں کے اَفسران ،ملازمین ، کلسٹر ہیڈ اے آئی آر اور ڈی ڈی جموں راجیش کمار ، ڈائریکٹر دُور درشن جموں روی کمار ، جوائنٹ ڈائریکٹر سینٹرل بیورو کمیونکیشن جموں وکشمیر ، لداخ غلام عباس ، جوائنٹ ڈائریکٹر پبلی کیشن ڈویژن محترمہ نیہا جلالی ،آر این یو ہیڈ اے آئی آر اور ڈی ڈی نیوز جموں رمیش کمار رینہ موجود تھے ۔
مرکزی وزیر مملکت نے آج جموں کے باہو میں باغ باہو ایکویریم کا دورہ کیا ۔ وزیر موصوف جو جموں کے تین روزہ دورے پر ہیں، نے شری ماتا ویشنو دیوی اور باوے والی ماتا پر بھی حاضری دی۔ڈاکٹر ایل مروگن نے کل رِیاسی میں ماہی پالن فارم کا دورہ کیا ۔ ماہی پالن کسانوں میں مچھلی کے بیج تقسیم کئے ۔ وزیر موصوف نے جیوتی پورم گوشالا ، ریاسی میں گلٹی دار جلد بیماری کے خلاف ٹیکہ کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔