سری نگر،01ستمبر:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو جموں میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی منشیات کے خاتمے کی مہم کا آغاز کیا اور کہا کہ سرحد پار سے نشہ آور اشیاءکی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے ’منشیات سے پاک جموں و کشمیر‘ مہم ‘ کی کامیابی کے لئے سماج کے تمام طبقوں سے تعاون طلب کیا اور یونین ٹیریٹری میں اسمگل شدہ منشیات کی بھاری مقدار کو ضبط کرنے کےلئے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ستائش کی۔
منوج سنہا نے اس موقعہ پر کہاکہ اپنی یوم آزادی کی تقریر میں، میں نے جموں و کشمیر کو خوف سے پاک، بدعنوانی سے پاک، منشیات سے پاک اور روزگار کے قابل بنانے کی بات کی ہے، یہ میرے چار وعدے ہیں اور منشیات کی لعنت کے بڑھتے ہوئے گراف کو دیکھتے ہوئے، اسے ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا گیا۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کاکہناتھاکہ سماجی بہبود اور صحت کے محکمے پہلے ہی مقامی پولیس کے ساتھ ’نشہ مکت جموں و کشمیر‘(منشیات سے پاک جموں و کشمیر) کو یقینی بنانے کےلئے کام کر رہے ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس اورمحکمہ صحت اچھی تعداد میں نشہ چھڑانے کے مراکز بھی چلا رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک ماہ تک جاری رہنے والی مہم کی کامیابی کےلئے سماج کے تمام طبقوں کا تعاون طلب کرتے ہوئے کہاکہ ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا اور منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے انتظامیہ کی کوششوں کی حمایت کرنی ہوگی۔
منوج سنہانے پاکستان کی طرف سے جموں و کشمیر میں منشیات کو دھکیلنے کی مسلسل کوششوں کے بارے میں پوچھے جانے پر، کہا کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں منشیات کی بڑی مقدار پکڑی گئی ہے اورہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے کہ اس قسم کی سرگرمیاں نہ ہوں۔
منوج سنہا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اس چیلنج کے لئے پوری طرح چوکس ہیں اور (پاکستان سے منشیات کی) سمگلنگ کو روکنے کےلئے مزید انتظامات کیے جائیں گے۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ منشیات کی لعنت کا شکار ہونے والوں کی بحالی اور علاج کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔افتتحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہا کہ انتظامیہ نے منشیات فروشوں اور اسمگلروں کےخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کے خلاف اس جنگ میں شامل ہونا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ پولیس کےلئے منشیات فروشوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں پکڑنا مشکل نہیں ہے، اس سے پہلے کہ وہ ممنوعہ اشیاءکو خریداروں کے حوالے کریں۔منوج سنہا نے منشیات کی اسمگلنگ اور نقل وحمل میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے پربھی زوردیا۔