سرینگر ،5 ستمبر:
پولیس نے پیر کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں ایک شہری کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کی۔ مقتول کی شناخت منظور احمد نینگرو کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع پلوامہ کے راج پورہ کا رہنا والا تھا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور کو دہشت گردوں نے قتل کیا۔ انہیں شبہ تھا کہ وہ سیکورٹی فورسز کا مخبر ہے۔ تاہم پولیس نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اس معاملے میں کچھ کہہ سکیں گے۔
پولیس نے بتایا کہ پلوامہ راج پورہ کا رہائشی منظور اتوار کی شام کسی کام سے اپنے گھر سے نکلا تھا لیکن وہ واپس نہیں آیا۔ آج صبح کچھ لوگوں نے منظور کی گولیوں سے چھلنی لاش شوپیاں کے ایک باغ میں پڑی دیکھی۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منظور کے پورے جسم پر گولیوں کے نشانات تھے۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے منظور کو اغوا کیا اور پھر شوپیاں کے اس ویران باغ میں لا کر قتل کر دیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ منظور جیش محمد کے دہشت گرد کمانڈر عاشق نینگرو کا بھائی ہے۔ عاشق اس وقت پاکستان میں ہے۔ این آئی اے نے اسے مفرور قرار دیا ہے۔بتا دیں کہ منظور کا ایک اور بھائی بھی دہشت گرد رہ چکا ہے جسے سال 2013 میں سیکیورٹی فورسز نے ایک تصادم کے دوران مار دیا تھا۔اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں کو شبہ ہے کہ منظور سیکیورٹی فورسز کا مخبر تھا۔ حال ہی میں ان کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے پلوامہ میں دہشت گردوں کے ہتھیار پکڑے تھے۔ اسی شک کی بنا پر دہشت گردوں نے منظور کو قتل کر دیا۔ ساتھ ہی پولیس نے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اس حوالے سے واضح کچھ کہہ سکیں گے۔
