سری نگر ،10/ستمبر:
جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر اُن کی پارٹی میدان عمل میں کودی پڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹ ہڈ کی بحالی ،نوکریوں اور زمین کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اپنے تین روزہ پیر پنچال دورے کو سمیٹنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اس وقت گونا گوں مصائب ومشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کی کئی پر بھی داد رسی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طرف بلند بانگ دعوئے کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب لوگوں کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
غلام نبی آزاد کا مزید کہنا تھا کہ اُن کی پارٹی کے تین اہم ایجنڈے سرفہرست ہونگے اول جتنی جلد ممکن ہو سکے جموں وکشمیر کا سٹیٹ کا درجہ بحال کیا جائے، یہاں کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اور زمین کا تحفظ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں امن و امان کی قیام کی خاطر اُن کی پارٹی کام کرئے گی۔ کانگریس لیڈران کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہاکہ جو لیڈران میرے خلاف بیان دے رہے ہیں اُنہیں پہلے اپنے گریباں میں جھانک کر دیکھنا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ کانگریس کو کانگریسیوں نے ہی اس ڈگر پر پہنچایا آج یہ آخری سانسیں لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ میرے خلاف بیان دے رہے ہیں میں اُن سے بخوبی آگاہ ہوں یہاں تک کہ میں اُن کے راز بھی جانتا ہوں لیکن افشاں نہیں کروں گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی خاطر ہر محاز پر آوازبلند کی جائے گی۔ا نہوں نے بتایا کہ ابھی پارٹی تشکیل ہی نہیں دی لیکن ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اپنی وابستگی جتائی ہے۔
(یو پی آئی)