سرینگر ،13 ستمبر:
بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کی بھرپور حمایت کی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے عوامی مطالبہ ماننے کی اپیل کی۔
رانا نے ایک بیان میں کہا کہ عوام مہاراجہ صاحب سے جذباتی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ رانا نے یہاں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد مہاراجہ کی حکومت کو سنہری دور کے طور پر یاد کرتی ہے۔ رانا نے کہا کہ مہاراجہ کا سنہرا دور جموں و کشمیر کی تاریخ کا سب سے روشن باب ہے اور عوام کے تئیں ان کی شراکت کو تسلیم کرنا ایک طویل عرصے سے زیر التوا عوامی مطالبہ ہے جو کمیونٹیز اور خطوں سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراجہ صاحب عوام کے مہاراجہ تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اپنی ریاست کی ترقی اور اس کے رعایا کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی، خواہ وہ کسی بھی ذات، نسل، علاقے یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے مقبول ترین مطالبے کے حوالے سے جلد فیصلے کی امید ظاہر کی اور بتایا کہ تعطیل جموں، کشمیر اور لداخ کے مقروض لوگوں کی طرف سے مہاراجہ کی یاد کو ایک عاجزانہ خراج عقیدت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ برسوں سے عوامی تحریک کے ایک حصے کے طور پر مہاراجہ کی سالگراہ پر تعطیل کے لیے پرزور التجا کر رہے ہیں۔
