سرینگر،14ستمبر:
بھارت رواں برس دسمبر میں جی 20 کی صدارت سنبھالے گا اور سنہ 2023 میں ستمبر 9 اور 10 کو نئی دہلی میں اس کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے رواں برس 26 جون کو سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب کے حاشیے پر صحافیوں کو بتایا تھا کہ “جی 20 G20 کی میزبانی کرنا جموں وکشمیر کے لیے فخر کی بات ہے اور دھوم دھام کے ساتھ اس کے انعقاد کے لیے انتظامیہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔”
تاہم وزارت خارجہ نے اس بات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ جی 20 کے اجلاس ستمبر 2023 میں دہلی میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ جی 20 میں یوروپی ممالک کے علاوہ مزید انیس ممالک ہے جن میں ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، جرمنی، فرانس، انڈیا، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، روسی فیڈریشن، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، ترکی، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس اجلاس کے ممکنہ انعقاد کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ نے جون میں پانچ رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری سربراہی کریں گے۔ کمیٹی کے ارکان میں کمشنر سیکرٹری (ٹرانسپورٹ)، انتظامی سیکرٹری (سیاحت)، انتظامی سیکرٹری (مہمان نوازی اور پروٹوکول) اور انتظامی سیکرٹری (ثقافت) شامل ہیں۔
پرنسپل سکریٹری ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کو بھی مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں جی-20 اجلاس کے انتظامات کو مربوط کرنے کے لیے یوٹی سطح کے نوڈل افسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ جموں وکشمیر میں 20 اجلاس کی میزبانی کے متعلق جون میں شائع ہونے والی خبروں کی بنیاد پر چین اور پاکستان نے اعتراضات کیے تھے۔