جموں، 16 ستمبر:
کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کو عام تعطیل قرار دینے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کرن سنگھ نے کہا کہ میں خوش ہوں۔ یہ بہت کوششوں کے بعد ہوا ہے۔ میں جموں کی نوجوان نسل کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے کوششوں کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے مل کر یہ کام کیا اور کسی نے مخالفت نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میرے بیٹے اجات شترو اور وکرمادتیہ، قانون ساز کونسل کے ممبر تھے تب انہوں نے ایوان سے چھٹی کے بارے میں ایک قرارداد پاس کروائی تھی لیکن کسی نے بھی اسے آگے نہیں بڑھایا۔ میں وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے بتایا کہ اُنہوں نے بھی وزیراعظم کو مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے لئے لکھا تھا۔ اس سے قبل مہاراجہ ہری سنگھ کے بیٹے کرن سنگھ نے 23 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کے مقامی لوگوں کے مطالبے کی تائید کی تھی۔