سری نگر،16ستمبر:
محکمہ زراعت پیداوار ( اے پی ڈی ) کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اتل ڈولو نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں وادی سے قومی شاہراہ پر پھلوں اور سبزیوں سے لفے ٹرکوں کی آمدورفت سے متعلق مسائل /مشکلات پر غور کیا گیا ۔
میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اتل ڈولو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اقدامات کریں تا کہ پھلوں سے لدے ٹرکوں کو ہموار راستہ فراہم کیا جا سکے ۔
انہوں نے پولیس اور ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ داخلی سڑکوں اور ہائی وے پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو چوبیس گھنٹے اور بغیر کسی پریشانی کے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے اور راستے میں غیر ضروری رُکنے سے گریز کیا جائے ۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پھلوں کی نقل و حمل کی نگرانی کریں اس کے علاوہ وہ پھل کے کاشتکاروں اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ جائیزہ اجلاس کریں گے اور مزید ضروری کارروائی کریں گے ۔
اتل ڈولو نے کہا کہ پھل اور سبزیاں خراب ہونے والی اجناس ہیں اس لئے وادی کشمیر سے نقل و حرکت بغیر کسی پریشانی کے گزرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں محکمہ زراعت ، ٹریفک ، پولیس اور پھل کاشتکاروں نے شرکت کی ۔
