دہرادون، 21 اکتوبر:
وزیراعظم نریندر مودی جمعہ کی صبح جولی گرانٹ ہوائی اڈے پر پہنچے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کیدارناتھ اور بدری ناتھ دھام جائیں گے۔ وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر کیدارناتھ دھام کو دس کوئنٹل پھولوں سے سجایا گیا ہے۔ دہرادون سے لے کر دونوں دھاموں تک سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جولی گرانٹ ہوائی اڈے پر گورنر لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) جنرل گرمیت سنگھ، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ وغیرہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ یہاں سے وزیر اعظم ہوائی جہاز سے کیدارناتھ روانہ ہوئے۔ وہ صبح تقریباً 8:30 بجے کیدارناتھ مندر میں درشن اور پوجا کرکے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کریں گے۔
وزیر اعظم تقریباً 1000 کروڑ کے سڑک کو چوڑا کرنے کے پروجیکٹوں اور 3400 کروڑ سے زیادہ کے کنیکٹیویٹی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وزیر اعظم کا اتراکھنڈ سے ہمیشہ خاص لگاؤ رہا ہے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد یہ کیدارناتھ کا ان کا چھٹا اور بدری ناتھ دھام کا دوسرا دورہ ہے۔
