سرینگر، 29 اکتوبر :
چین کی جانب سے نئے فوجی ڈھانچے کی تعمیر کی اطلاعات کے درمیان، ہندوستان جلد ہی مشرقی لداخ میں ایل اے سی سے پچاس کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر لڑاکا طیاروں کی کارروائیوں کے لیے اپنے نیوما ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لیے تعمیراتی کام شروع کرنے جا رہا ہے۔
سنئیر حکام کا کہنا ہے کہ نیوما ایئر فیلڈ کو چین کے ساتھ جاری تنازعے کے دوران سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا گیا ہے ۔اے ایل جی کو لڑاکا طیاروں کی کارروائیوں کے لیے جلد ہی اپ گریڈ کیا جائے گا کیونکہ زیادہ تر مطلوبہ منظوری پہلے ہی آ چکی ہے۔
منصوبوں کے مطابق، نئے ہوائی اڈے اور فوجی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بارڈرروڈز آرگنائزیشن کے ذریعے کی جائے گی۔اس علاقے سے لڑاکا طیاروں کو چلانے کی صلاحیت فضائیہ کی دشمن کی طرف سے کسی بھی غلط مہم جوئی سے تیز تر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ اس علاقے میں مرکزی حکومت کی منظوری کے بعد مشرقی لداخ سیکٹر میں تعمیراتی کام کا افتتاح جلد ہی شروع ہونے کی امید ہے۔ہندوستان مشرقی لداخ میں ہوائی اڈے تیار کرنے کے لیے متعدد اختیارات پر غور کر رہا ہے جن میں دولت بیگ اولڈی فوکچے اور نیوما شامل ہیں جو چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول سے چند منٹ کے فاصلے پر ہیں۔
نیوما اے ایل جی، لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب ہونے کی وجہ سے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ یہ لیہہ کے ہوائی اڈے اور ایل اے سی کے درمیان اہم فرق کو ختم کرتا ہے جس سے مشرقی لداخ میں جوانوں اور مواد کی تیز رفتار نقل و حرکت ممکن ہو سکتی ہے،۔انہوں نے کہا کہ اے ایل جی اس کے بعد بلندیوں تک فوری رسائی کے کاموں میں مزید مدد کرے گا۔ نیوما میں فضائی آپریشن کا بنیادی ڈھانچہ فورسز کی آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔
فضائیہ نے کسی بھی مخالف طیارے کی طرف سے کسی بھی فضائی حملے سے نمٹنے کے لیے ایگلا مین پورٹیبل ایئر ڈیفنس میزائل بھی تعینات کیے ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ مشرقی لداخ میں کارروائیوں کے لیے رافیل اور مگ 29 سمیت لڑاکا طیارے باقاعدگی سے تعینات کر رہی ہے جہاں متعدد مقامات پر فوجی دستوں کو منقطع کر دیا گیا ہے۔