کرناہ،:31اکتوبر:
جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ہندوستانی فوج کے جوانوں نے ایک پاکستانی دہشت گرد کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔پولیس نے کہا کہ کیرن سیکٹر میں کوشش ناکام بنا دی گئی جس میں ایک پاکستانی دہشت گرد مارا گیا۔
پولیس نے ٹویٹ کیاکہ ایک پاکستانی دہشت گرد درانداز کو فوج نے کپواڑہ ضلع کے کیرن سیکٹر (جماگنڈ علاقہ) میں ہلاک کر دیا۔پولیس نے کہاکہ علاقے میں تلاشی آپریشن اب بھی جاری ہے۔ادھر پولیس اورفوج نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شوپیاں میں لشکر ملی ٹنٹوں کے2ساتھیوں کو اسلحہ وگولی بارود سمیت گرفتارکیا۔پولیس نے پیر کے روز جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے کیلر علاقے میںکالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے وا بستہ ملی ٹنٹوں کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کیاگیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کوبتایا کہ ایک مخصوص اطلاع ملنے پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے تلاشی کے دوران لشکر طیبہ ملی ٹنٹوں کے2معاونین کوگرفتار کیا۔
انہوںنے کہاکہ گرفتار ملی ٹنٹ معاونین کی شناخت گوہر منظوربٹ ولد منظوراحمد بٹ اورعابد حسین نندا ساکنان دربگام پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایاگہ گرفتار شدگان کی تحویل سے ایک پستول، ایک گرینیڈ، گولیوں کے10 رائونڈ اور 60ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں۔پولیس افسر نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تھانہ کیلر میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ۔