سری نگر، 15 مارچ:
جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے سوئیہ بوگ علاقے میں دوشیزہ کے قتل کے خلاف چوتھے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔
اس دوران سوگوران سے اظہار یکجہتی کی خاطر بڈگام سے اوم پورہ تک دکانیں اور کاروباری ادارے ٹھپ رہنے سے بازار سنسان اور ویران دکھائی دے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سوئیہ بوگ بڈگام میں دوشیزہ کے قتل کے خلاف مقامی لوگوں کا احتجاج جاری ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بدھ کے روز دوشیزہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
انہوں نے بتایا کہ بدھ کے روز بھی لوگوں نے دوشیزہ کے قتل میں ملوث درندہ صفت شخص کو سر راہ پھانسی پر لٹکانے اور جائیداد کی منسلکی کا مطالبہ کیا ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ قتل کے اس بھیانک واقعے میں ملوث شخص کسی رعایت کا مستحق نہیں ۔
دریں اثنا دوشیزہ کے قتل کے خلاف بڈگام میں بدھ کے روز مکمل ہڑتال سے کاروباری ادارے ٹھپ ہو کررہ گئے البتہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق جاری رہا۔
معلوم ہوا ہے کہ بڈگام سے اوم پورہ تک سبھی دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہنے سے بازار سنسان اور ویران دکھائی دے رہے ہیں۔
بتادیں کہ سوئیہ بوگ بڈگام میں دوشیزہ کو بے رحمی سے قتل کرنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرکے قاتل کو بھی حراست میں لیا ہے۔
