دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے ساتھ ملک کے نوتعمیر پارلیمنٹ ہاؤس کو آج یہاں قوم کے نام وقف کیا اور نئے لوک سبھا ہاؤس میں عقیدت کے ساتھ مقدس سینگول نصب کیا۔
مودی صبح تقریباً 7.30 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں پہنچے اور اوم برلا نے ان کا استقبال کیا۔ ریشم کی دھوتی، کُرتا اور گلابی جیکٹ پہنے مسرور نظر آنے والے مودی نے سب سے پہلے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اوم برلا کے ساتھ وہاں ہون اور مذہبی رسومات میں حصہ لیا۔ وزیر اعظم مودی نے اس کے بعد تمل ناڈو کے مختلف ادیموں سے آئے سنتوں کے ذریعہ لائے گئے سینگول کو پرنام کیا اور پھر اسے پانچ ادینم سنتوں کے ہاتھوں سے عقیدت سے حاصل کیا۔
