سرینگر:4 جون :
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے اس سال حج بیت اللہ پر جانے والے تمام عازمین کو مبارکباد پیش کی ہے۔جموں و کشمیر سے عازمین حج کو 7 جون کو جدہ کے لیے روانہ ہونے پراپنے مبارکبادی کے پیغام میں آزاد نے کہا، "میں ان کے روحانی سفر کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انھیں طاقت دے تاکہ وہ بہترین صحت کے ساتھ اپنا حج ادا کریںاور مقدس حج کے دوران ان کی دعائیں اللہ تعالی قبول فرمائے۔”
سری نگر میں حج ہاوس قائم کرنے والے سابق وزیر اعلیٰ نے عازمین کی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی طرف روانگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔آزاد نے کہا، "میں عازمین حج سے بھی عاجزی کے ساتھ درخواست کرتا ہوں کہ وہ پرامن اور خوشحال جموں و کشمیر کے لیے ایام حج کے دوران دعا کریں۔”