جموں:ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج آنند جین ، جی او سی 16کارپس کی سربراہی میں جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جموں صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔
جموں نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اے ڈی جی پی جموں آنندجین ، جی او سی سولہ کارپس اور خفیہ اداروں سے وابستہ سینئرآفیسران کی موجودگی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔
انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے دوران جموں صوبے میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں سینئر آفیسران کو آگاہی فراہم کی گئی۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی اہمیت کی حامل میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انسداد دراندازی اور انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کرنے کی خاطر طریقہ کار پر غورو غوض کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جی او سی اور اے ڈی جی پی کو ایل او سی پر فوج کی تعیناتی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حد متارکہ پر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران کے مابین ملاقات کے دوران جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پربھی تبادلہ خیال ہوا۔