سری نگر، 6 جون:
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران دو الگ الگ مقامات پر 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بارہمولہ سجاد بخاری کی نگرانی میں پولیس کی ایک ٹیم نے ڈانگر پورہ مارکیٹ میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت شفیق احمد نائیکو ولد غلام رسول، یاسر احمد لون ولد فیاض احمد اور فیاض احمد وانی ولد عبدالجبار ساکنان ڈانگر پورہ شریری کے بطور کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منشیات فروش ایک موٹر سائیکل زیر نمبر DL9SB – 5432 پر ڈانگرپورہ سے ملورہ کی طرف جا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرچہ انہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ان کو بر سر موقع ہی دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 170 گرام چرس جیسا مواد بر آؐمد کیا گیا اور سکوٹی کو بھی ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے ایس ڈی پی او پٹن محمد نواز کی نگرانی میں نہال پورہ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت بلال احمد شاہ ولد غلام نبی شاہ ساکن کلسری پٹن کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منشیات فروش چک شیری سے پٹن کی طرف جا رہا تھا کہ پولیس کو دیکھتے ہی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 70 گرام بھنگ اور 5 کلو خشخاش بھوسا بر آمد کیا گیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شریری اور پولیس اسٹیشن پٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔