جموں، 8 جون:
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ شری وینکٹیشور سوامی کے مندر کے کھلنے سے جموں میں مذہبی ٹورزم کو بڑھا وا ملے گا اور اس سے جموں کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شری وینکٹیشور سوامی کے آشیر واد سے جموں وکشمیر میں امن قائم ہوگا اور ترقی مئی اونچائیوں کو چھوئے گی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شری وینکٹیشور سوامی مندر کی افتتاحی تقریب کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘بھگوان شری وینکٹیشور سوامی کا مندر تیار ہوا ہے میں سمجھتا ہوں کہ ان کے آشیر واد سے جموں وکشمیر میں امن قائم ہوگا اور ترقی نئی اونچائیوں کو چھوئے گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جموں وکشمیر اور ملک کے سناتن سفر میں ایک تاریخی لمحہ ہے۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ یہا ایک پاٹ شالہ، ہوسٹل بلڈنگ وغیرہ بھی قائم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کو بھی اس موقع پر یہاں آنا تھا لیکن وہ کسی ضروری کام کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کرسکے۔
بتادیں کہ جموں کے مجین علاقے میں حسین شیوالک جنگلات کے درمیان واقع ترو پتی بالا جی مندر کے دروازے جمعرات کے روز عقیدت مندوں کے لئے کھول دئے گئے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھگوان شری وینکٹیشور سوامی کے اس مندر کا افتتاح ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا۔