سری نگر، 8 جون:
پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں مبینہ طور پر ایک لڑکی کو فون پر دھمکی دینے اور بلیک میل کرنے کے الزام ایک شخص کو گرفتار کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس چوکی دلنہ کو ایک شخص کی طرف سے شکایت موصول ہوئی کہ جس میں کہا گیا کہ اس کی بیٹی کو ایک نامعلوم کالر کافی عرصہ سے لگاتار بلیک میل کررہا ہے اور اس کو دھمکا رہا ہے جس سے وہ انتہائی پریشان ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘شکایت گذار کا کہنا ہے کہ مذکورہ کالر نے میری بیٹی سے اچھی رقم بھی لوٹی ہے اور جب حالات ابتر ہوئے تو اس نے ساری کہانی میرے سامنے بیان کی’۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس شکایت پرکارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بارہمولہ سجاد بخاری کی نگرانی میں سخت کاوشوں کے بعد بھتہ خور کو اپنے گھر سے گرفتار کیا۔
بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت اویس رشید بٹ عرف زیدان ولد عبد الرشید بٹ ساکن چتلورہ رفیع آباد بارہمولہ کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ لوٹی ہوئی رقم کی بر آمدگی کے متعلق اس کیس کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارہمولہ پولیس خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔