سرینگر /09جو ن؛
تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے بارہویںجماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔ امتحان میں مجموعی طور پر 65فیصدی بچوں نے کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ ایک مرتبہ پھر لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں نے بازی مار کر امتیازی پوزیشنوں پر قبضہ جما لیا ۔
جموں کشمیر میں یکساں تعلیمی کلینڈر کے تحت دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد کے بعد بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے آخر کار بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کیا ہے ۔ جمعہ کی شام دیر گئے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے امتحانی نتایئج کا اعلان کیا جس میں 65فیصدی بچوں نے کامیابی حاصل کر لی ہے ۔ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ اعدا د و شمار کے مطابق کامیاب امیدواروں میں لڑکوں میں 61 فیصد اور لڑکیوں میں 68 فیصد شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحانات کے لیے کل 12,763,6 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جس میں 82,441 نے کامیابی کے ساتھ کوالیفائی کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ طالبات نے ایک بار پھر امتحانات میں لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔امتحان میں سرکاری سکولوں کے دو طلباء نے آرٹس اور کامرس میں امتیازی پوزیشن حاصل کی جبکہ پرائیویٹ سکول کے ایک طالب علم نے سائنس میں ٹاپ کیا۔ امتحان میں آرٹس اور کامرس اسٹریم میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دو طالب علموں کا تعلق سرکاری اسکولوں سے ہے جبکہ ایک طالب علم جس نے سائنس اسٹریم میں ٹاپ کیا ہے وہ ایک پرائیویٹ اسکول سے ہے۔
بورڈ کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول زیڈ ی بل کی ارتضیٰ منظور بھی شامل ہیں جنہوں نے کامرس اسٹریم میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکولز امیرا کدل کی ماہین وانی نے آرٹس اسٹریم میں ٹاپ کیا ہے۔جبکہ فیاض ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ نوگام کے شاہد بشیر نے سائنس اسٹریم میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ امتحانی نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی والدین اور بچے انٹر نیٹ کے ساتھ لگے گئے اور وہ نتائج دیکھنے میںمصروف رہے ۔