سرینگر 14 جون :
جموں وکشمیر پولیس نے راجوری پونچھ اضلاع میں ایک بڑے نارکو ٹیرر ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات، اسلحہ اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں مکیش سنگھ نے بدھ کے رز بتایا کہ راجوری پونچھ رینج میں پولیس اور سیکورٹی فوسز نے منشیات دہشت گردی کے بڑے ماڈیول کو کامیابی کے ساتھ ختم کردیا ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 44کلو گرام ہیروئن کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور نقدی بھی ضبط کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاریوں سے نہ صرف منشیات کی غیر قانونی تجارت ختم ہوئی ہے بلکہ خطے میں دہشت گردی کے ممکنہ کارروائیوں کو بھی ناکام بنا دیا گیا ہے۔ اے ڈی جی پی نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران اب تک برآمد ہونے والی اشیاءمیں 44کلو گرام سے زائد ہیروئن ، 13لاکھ روپیہ نقدی ، ایک اے کے رائفل ، دو پستول ، آٹھ دستی بم شامل ہیں جو منشیات کی سمگلنگ اور اسلحہ کی تجارت کے درمیان گھناونے گڑھ جوڑ کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلحہ کے علاوہ سیکورٹی فورزس نے تیرہ لاکھ روپیہ کی رقم بھی ضبط کی ، وہیں بڑی مقدار میں دیگر قابل اعتراض مواد کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال راجوری کے ڈنگری میں مقامی لوگوں اور بھبمر گلی میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے عسکری حملے کے بعد علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گہیں جگہ جگہ ناکہ چیکنگ کی جارہی ہے اورمشکوک نقل وحرکت پر کڑٰ نظر رکھی جارہی ہے۔